احمد آباد:4/جولائی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سابق ممبر اسمبلی جینتی بھانوشالی نے عصمت دری کا الزام لگنے کے بعد گجرات بی جے پی کے نائب صدر عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔کچھ ضلع کے 53 سالہ رہنما نے ریاست بی جے پی صدرکو بھیجے اپنے استعفیٰ نامہ میں اس الزام سے انکار کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ ان کی شبیہ کو خراب کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔ بی جے پی نے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ ریاستی بی جے پی صدر نے بھانو شالی کا استعفیٰ قبول کر لیا ہے۔بھا نو شالی نے اپنے استعفیٰ نامہ میں کہا ہے کہ یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پولیس کو دی گئی درخواست میری شبیہ خراب کرنے کی سازش ہے، مجھے اور میرے خاندان کے اوپر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔ جب تک میں اپنے اوپر لگے الزامات سے آزاد ہوکر باہر نہیں نکل جاتا ہوں، میں پارٹی سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ مجھے ذمہ داریوں سے آزاد کرے۔سورت کی رہنے والی ایک لڑکی نے پولیس کمشنر کے دفتر میں 10 جولائی کو ایک درخواست جمع کیا تھا جس میں اس نے بھانو شالی کے خلاف آبروریزی کا معاملہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔سورت کے پولیس کمشنر ستیش شرما نے بتایا کہ معاملے میں اب تک ایف آئی آر درج نہیں کیا گیا ہے ۔ لڑکی نے بھانو شالی پر الزام لگایا ہے کہ اس نے گزشتہ نومبر سے اب تک اس کے ساتھ کئی بار جنسی زیادتی کی۔خاتون کا دعویٰ ہے کہ بھانو شالی نے اس سے وعدہ کیا تھا کہ وہ معروف فیشن ڈیزائننگ کالج میں اس کا داخلہ کرائیں گے۔